کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع رِمپا پلازا میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع رِمپا پلازا میں لگی خوفناک آگ پر قابو پالیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں ایم اے جناح روڈ پر واقع رِمپا پلازا میں چوتھی منزل میں آگ لگی جو شدت اختیار کرگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی،محکمہ فائربریگیڈ کے عملے نے 6 فائر ٹینڈرز اور 2 اسنارکل کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں جبکہ عمارت کی چوتھی منزل پر پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے عمارت کے شیشے توڑ دیے گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر آگ بجھانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی ، انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ رمپا پلازہ میں آگ لگنےکی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے جائے حادثہ پر پھنسے افراد کو فوری ریسکیو کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ
حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگاکر فی الفور میڈیا سے شیئر کیا جائے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور اسنارکل آپریشن روک کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
چیف فائر افسر کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی اور پانچویں منزل پر ربڑ اور پلاسٹک کے آٹو پارٹس گودام میں لگی، آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عمارت سے تمام افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا۔
چیف فائر افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے کے دوران پانی کی کمی کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں ، آپریشن میں کے ایم سی، پاک بحریہ اور 1122 کی ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔