پاکستان

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 14 دسمبر کو طلب کر لیا

اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی تقرری پر غور کیا جائے گا، لاہور ہائی کورٹ کے ججز کے لیے نامزد کردہ 7 امیدواروں کے نام سامنے آگئے۔
|

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا ایک اور اجلاس 14 دسمبر کو طلب کر لیا، جس میں لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی تقرری پر غور کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے ججز کے لیے نامزد کردہ 7 امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے۔

امیدواروں میں ایڈووکیٹ محمد صدیق اعوان، ایڈووکیٹ علی مسعود حیات، ایڈووکیٹ حسن نواز مخدوم، ایڈووکیٹ عامر عجم، ایڈووکیٹ ضیا الرحمٰن، ایڈووکیٹ محمد جواد ظفر، ایڈووکیٹ ملک محمد اویس خالد شامل ہیں۔

اجلاس 14 دسمبر بروز ہفتہ دوپہر 12 بجے سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سویلینز کے ملٹری ٹرائلز سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے آئینی بینچ تشکیل دینے کے سلسلے میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس بھی 6 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے۔

6 دسمبر کو پشاور اور سندھ ہائی کورٹس میں ججز تقرری کے لیے اجلاس شیڈول ہے، اس اجلاس میں جسٹس شاہد بلال کی آئینی بینچ میں شمولیت پر غور بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

26ویں آئینی ترمیم کی منظوری اور اس کے تحت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی تشکیل نو کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا پہلا اجلاس 5 نومبر کو طلب کیا تھا۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے پہلے اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جسٹس امین الدین کے تقرر کی حمایت میں 12 رکنی کمیشن کے 7 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ 5 ارکان نے مخالفت کی تھی۔

25 نومبرکو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کریم خان آغا کو سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچ کا سربراہ مقرر کردیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 4 کے مقابلے میں 11 اکثریتی ووٹوں کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ آئینی بینچز کے لیے ججز کی منظوری دی۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جسٹس کریم خان آغا سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے سربراہ ہوں گے، جس کی مدت 2 ماہ ہوگی۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سلیم جیسر، جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سید، جسٹس عبد المبین لاکھو، جسٹس ذوالفقار علی سنگی، جسٹس ثنا اکرم منہاس، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب علی ہکڑو آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔