کھیل

اسکواش کے مایہ ناز کھلاڑی جان شیر خان ’پی ایس اے‘ ہال آف فیم میں شامل

پاکستانی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کے بعد پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے ہال آف فیم میں شامل ہونے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

اسکواش کے مایہ ناز پاکستانی کھلاڑی جان شیر خان کو پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے ہال آف فیم میں شامل کر لیا۔

اسکواش کی گورننگ باڈی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جان شیر خان کو ہانگ کانگ اسکواش اوپن کے دوران ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، ان کے ہمراہ ملائیشیا کی عہدساز خاتون اسکواش کھلاڑی نکول ڈیوڈ کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا۔

جان شیر خان اور نکول ڈیوڈ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن میں شامل ہونے والے بالترتیب تیسرے اور چوتھے کھلاڑی ہیں، ہال آف فیم کو رواں سال اسکواش کے سب سے بااثر کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو تسلیم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

اس سے قبل ہال آف فیم میں پاکستانی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی سوزن ڈیوائے کو شامل کیا گیا تھا۔

ملائیشیا کی نکول ڈیوڈ کو اسکواش کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے اپنے بے مثال کریئر میں 8 عالمی چیمپئن شپ ٹائٹلز اپنے نام کیے جبکہ وہ 108 ماہ تک عالمی نمبر 1 کے طور پر براجمان رہیں، انہوں نے اپنے شاندار کریئر میں 5 برٹش اوپن سمیت 2 کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈل بھی جیتے تھے۔

1980 اور 90 کی دہائی میں اسکواش پر پاکستانی حکمرانی کے ایک اہم کردار اسکواش لیجنڈ جان شیر خان نے ریکارڈ 8 مرتبہ ورلڈ اوپن اور 6 مرتبہ برٹش اوپن ٹائٹل اپنے نام کیے۔

جان شیر خان نے پروفیشنل کریئر میں سب سے زیادہ 118 فائنل کھیلے جبکہ ریکارڈ 99 ٹائٹلز کا سہرا اپنے سر پر سجایا، انہیں 97 ماہ ورلڈ نمبر ون رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اس موقع پر جان شیر خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس اعزاز پر بہت خوشی ہے کیونکہ ہانگ کانگ میرا دوسرا گھر ہے، میں نے کئی سال ہانگ کانگ اوپن میں کھیلا ہے اور 8 مرتبہ اسے جیتنے میں کامیاب رہا، اس لیے یہ میرے لیے بہترین جگہ ہے اور میں یہاں اپنے پرانے دوستوں سے ملاقات پر بہت خوش ہوں، یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔‘