پاکستان

شیخوپورہ: طالبات، خواتین اساتذہ سے ’زیادتی‘ کی ویڈیوز وائرل ہونے پر اسکول پرنسپل گرفتار

نجی اسکول کا گرفتار پرنسپل خواتین اساتذہ اور طالبات کی نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل بھی کرتا رہا، ملزم کے موبائل فونز سے متعدد نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئیں، پولیس حکام

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں اسکول کی طالبات اور خواتین اساتذہ کی مبینہ زیادتی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ایک نجی اسکول کے پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نجی اسکول کا گرفتار پرنسپل خواتین اساتذہ اور طالبات کی نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل بھی کرتا رہا۔

پنجاب پولیس کے مطابق ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ سامنے آیا اور محکمے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق ملزم کے موبائل فونز سے متعدد نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئیں جس کے بعد مقدمہ درج کرکے اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

یاد رہے کہ ستمبر میں پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں سرکاری اسکول میں 5 طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے اسکول ٹیچر کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے تھے۔

واقعہ تھیڑی سانسی میں گورنمنٹ نان فارمل ایجوکیشن اسکول میں پیش آیا تھا، ملزم کی بیوی نے محکمہ لٹریسی کے تحت گھر میں ہی اسکول بنا رکھا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اسکول کی 5 طالبات کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی ویڈیوز بنا رکھی تھیں، متاثرہ بچیوں سے زیادتی کے انکشافات پر پولیس نے والدین کی مدعیت میں 5 الگ الگ مقدمات درج کرکے بچیوں کے میڈیکل کروائے تھے، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہونے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پنجاب پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا، واقعے کے بعد اسکول کو سیل کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں گوجرانوالہ کی عدالت نے ملزم کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا، دوران سماعت تفتیشی افسر نے بتایا تھا کہ ملزم کے زیر استعمال دونوں موبائل فونز کو فارنزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا، اس دوران ملزم نے الزام عائد کیا تھا کہ بچیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے میں اس کی اہلیہ کا بھی ہاتھ ہے۔