پاکستان

سندھ حکومت ٹینکر مافیا کی سرپرستی کررہی ہے، منعم ظفر

ٹینکر اور ڈمپر شہریوں کےلیے موت کا باعث ہیں لیکن ٹریفک پولیس اہلکار صرف پیسے بٹور رہےہیں، امیر جماعت اسلامی کراچی

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت ٹینکر مافیا کی سرپرستی کررہی ہے، کراچی واٹر کارپوریشن کا نام ٹینکر کارپوریشن رکھ دینا چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا گزشتہ روز پروفیسر طارق صلاح الدین ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ ٹینکر اور ڈمپر شہریوں کےلیے موت کا باعث ہیں، لوڈنگ گاڑیاں شہرمیں دندناتی گھومتی ہیں، لیکن ٹریفک پولیس اہلکار صرف پیسے بٹور رہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کا نام ٹینکر کارپوریشن رکھ دینا چاہیے، گھرکے نلکوں میں پانی نہیں لیکن ٹینکرسے پانی میسر ہے۔

منعم ظفر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے فورمنصوبہ مسلسل تعطل کا شکارہے، کراچی ملک کا سب سے زیادہ زر مبادلہ دینے والا شہرہے لیکن اس سسٹم نے شہرکے کاروبار کو تباہ کردیاہے۔

منعم ظفر بولے تاجروں نےمحفوظ سرمایہ کاری کامطالبہ کیا جو مرتضی وہاب کو برا لگا، شہرکے تاجرسسٹم مافیا سے پریشان ہیں، شہرکا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے۔