کاروبار

وزارت خزانہ نے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں مزید اضافے کی پیش گوئی کردی

جولائی سے اکتوبر کےدوران توقعات سے زیادہ معاشی بحالی ہوئی ہے، نومبر میں مہنگائی کی شرح 5.6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کردی

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران توقعات سے زیادہ معاشی بحالی ہوئی تاہم نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں معاشی سرگرمیوں میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں معاشی استحکام دکھائی دے رہا ہے اور اسی مدت میں مہنگائی میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شرح سود میں کمی سے سود کی ادائیگیوں میں کمی ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 4 ماہ میں سود کی ادائیگیوں میں 5 اعشاریہ 3 فیصد کمی ہوئی جب کہ جولائی سے اکتوبر تک اخراجات میں ایک اعشاریہ 8 فیصد کمی ہوئی اور ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 25 اعشاریہ 3فیصد کااضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ مہینوں میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے، جولائی سے اکتوبر کے دوران توقعات سے زیادہ معاشی بحالی ہوئی ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نومبر میں مہنگائی کی شرح 5 اعشاریہ 6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے جو دسمبر میں 6 اعشاریہ 5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے جب کہ ماہانہ ملکی برآمدات ڈھائی ارب سے 3 ارب ڈالرز رہنے کی توقع ہے۔