پاکستان

پی ٹی آئی دہشت گرد جماعت ہے، ان سے کسی صورت بات چیت نہیں ہوگی، عطا تارڑ

کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شرپسندوں سے حساب لیا جائے گا، وزیراطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک دہشت گرد جماعت ہے، ان سے کسی صورت بات چیت نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کی تفصیلات کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں، فوٹیج میں جدید اسلحے سے لیس نقاب پوش افراد آنسو گیس کے شیل چلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا سوال یہ ہے کہ کیا آنسو گیس چلانے والی گن مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہے، ان مظاہرین کے پاس جدید اسلحہ کہاں سے آتا ہے؟

عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، شرپسندوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام تر تفصیلات حاصل کرلی ہیں اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، یہ دہشت گرد ہیں ان سے کسی صورت بات چیت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ احتجاج کے دوران فائرنگ کی گئی، آنسو گیس چلائی گئ، غلیلوں سے نشانہ بنایا جارہا تھا، یہ تمام چیزیں پی ٹی آئی کے کارکنان کے پاس موجود تھی۔

ان کا کہنا تھا ریڈ زون کی طرف پیش قدمی کرنے والوں کو دھکیل کر پیچھے لے جایا گیا، اب مظاہرین ڈی چوک کے آس پاس بھی نظر نہیں آرہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں کو یہ چیزیں نہیں نظر آتی کہ رینجرز اور پولیس کے اہلکار شہید ہوئے اور کئی زخمی ہوئے ہیں، کیا یہ لوگ اس چیز سے بالکل ناواقف ہیں؟

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج میں نقاب پوش افراد جدید اسلحہ استعمال کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، کیا ان کو خیبرپختونخوا حکومت نے اسلحہ فراہم نہیں کیا، دہشت گردوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی، کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریاست کی رٹ کو بالکل قائم رکھا جائے گا، ایک ایک شرپسند سے حساب لیا جائے گا۔