پاکستان

پی ٹی آئی احتجاج: پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر، اوگرا نے سیکیورٹی اداروں سے مدد مانگ لی

لاہور ریجن میں ایک سے 2 روز میں سپلائی بحال نا ہوئی تو اکثر پٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہو جائیں گے، پمپ مالکان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث شاہراہوں اور موٹرویز کی بندش کے باعث پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے سے پمپس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا جبکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد مانگ لی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پیٹرول پمپ مالکان نے حکومت آگاہ کیا ہےکہ لاہور ریجن میں صرف ایک دن کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے، سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیٹرول پمپس بند ہو جائیں گے۔

پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات ملک جہانزیب نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ریجن میں پیٹرول کی یومیہ ضرورت ایک کروڑ 30 لاکھ لیٹرز ہے، گزشتہ 4 روز سے سپلائی نہیں آئی جس کے باعث بیشتر پیٹرول پمپس نے اپنے ذخیرہ کیے گئے ذخائر استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اگلے ایک سے 2 روز میں سپلائی بحال نا ہوئی تو اکثر پیٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہو جائیں گے۔

ادھر گوجرانوالہ میں پیٹرول کی قلت کے باعث کئی پمپس بند ہو گئے ہیں، گوجرانوالہ ریجن کے 145 پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے احتجاج کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد مانگ لی ہے، اوگرا نے پیٹرولیم ڈویژن کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان اوگرا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے آئل ٹینکرز کی بلاتعطل ترسیل کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، آئل ٹینکرزکی پیٹرولیم پمپس تک ترسیل کی فراہمی یقینی بنانےکے لیے رابطے میں ہیں، اس حوالے سے چیف سیکرٹریز اور مقامی انتظامیہ کے ذریعے مدد مانگی گئی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈز (او ایم سیز) اور مقامی انتظامیہ کے درمیان ایک چینل قائم کیاگیا ہے، مزید کہا کہ آئل ٹینکرزکی ترسیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کودور کیاجارہا ہے۔

دریں اثنا، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کے خدشے کو رد کر دیا ہے۔

ضلع انتظامیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں راستوں کی بندش کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر بھر کے پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے، تمام پمپوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی 5 سے 6 روز کی گنجائش موجود ہے، پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کے حوالے سے خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیٹرولیم ڈویژن نے راولپنڈی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے پیش نظر تینوں شہروں کی انتظامیہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے چیف سیکریٹری پنجاب، لاہور اور جڑواں شہروں کے کمشنرز کو خط ارسال کیا جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ شہروں میں احتجاج کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال کی وجہ سے اٹک آئل ریفائنری کے لیے خام تیل لے کر جانے اور پیٹرولیم مصنوعات لانے والے ٹینکروں اور گاڑیوں کی آمد ورفت محدود ہوگئی ہے، انتظامیہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانےکے لیےخصوصی ہدایات جاری کرے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے احتجاج کے لیے آنے والا قافلہ اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی سے زیرو پوائنٹ اور اب ڈی چوک پہنچ گیا ہے جہاں پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی گئی جب کہ کارکنان کی طرف سے پتھراؤ بھی کیا گیا۔