پاکستان

کراچی انٹر بورڈ کا 2008 سے اب تک کے امتحانات میں ناکام طلبہ کو ’آخری موقع‘ دینے کا فیصلہ

گزشتہ 16 سال کے عرصے میں ناکام طلبا خصوصی ضمنی امتحان پاس کرلیں گے تو انہیں انٹرمیڈیٹ کی سند جاری کردی جائے گی، حکام انٹر بورڈ نے خوشخبری سنا دی

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے سال 2008 سے 2024 تک انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں فیل ہونے والے طلبا کو ’آخری موقع‘ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر قائد میں 16 سال کے دوران فیل ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے طلبا کو آخری بار ضمنی امتحانات میں شریک ہوکر کامیابی کے حصول کا موقع دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے انٹرمیڈیٹ بورڈ آف ایجوکیشن کراچی کے حکام کی جانب سے کہا گیا ہے مختلف مضامین میں فیل ( ناکام) ہونے والے ایسے طلبا جنہوں نے سال 2008 سے لے کر سال 2024 کے دوران امتحانات میں شرکت کی ہو، اور وہ طلبا جو کسی ایک مضمون یا ایک سے زائد مضامین میں فیل ہوگئے ہوں، اب وہ ضمنی امتحان کے ذریعے اپنے فیل شدہ مضامین کا امتحان ’ آخری بار’ دے سکیں گے۔

انٹرمیڈیٹ بورڈ آف ایجوکیشن کراچی کے حکام نے کہا کہ ایسے طلبا جو خصوصی ضمنی امتحان میں شریک ہوکر اپنے فیل شدہ مضامین کے پرچوں کے امتحان پاس کرلیں گے، انہیں انٹرمیڈیٹ کی سند ( سرٹیفکیٹ) جاری کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ عام طور پر انٹرمیڈیٹ بورڈ آف ایجوکیشن کراچی کے سالانہ امتحانات میں شریک طلبہ اگر کسی ایک مضمون یا ایک سے زائد مضامین کے امتحان میں فیل ( ناکام) ہوجائیں تو انہیں 3 بار ضمنی الیکشن میں شرکت کا موقع دیا جاتا ہے تاہم انٹرمیڈیٹ بورڈ آف ایجوکیشن کراچی کی جانب سے 16 سال قبل تک امتحانات میں ناکام ہونے والے طلبا کو یہ موقع ملنا غیر معمولی اقدام ہے۔