لائف اسٹائل

خواتین کے لیے شادی کی درست عمر 24 سال ہے، عینی زیدی

پہلے ڈرامے سے ہی اس قدر شہرت ملی کہ ایک بار اہل خانہ کے ہمراہ مری گھومنے گئی تو وہاں ہجوم نے گھیر لیا، وہاں سے بھاگنا پڑا، اداکارہ

حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں شرجینا کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی سینیئر اداکارہ عینی زیدی نے کہا ہے کہ خواتین کے لیے شادی کی درست عمر 23 یا 24 سال ہے۔

عینی زیدی نے حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی سمیت مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بلوچستان سے ریڈیو پاکستان سے کیریئر کا آغاز کیا لیکن اس وقت کاظم پاشا نے انہیں اداکاری کی پیش کی۔

ان کے مطابق انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے میں کام سے انکار کردیا تھا لیکن ہدایت کار کاظم پاشا انہیں بار بار منتیں کرتے رہے، جس کے بعد ان کے شوہر نے بھی انہیں ڈراما کرنے کا کہا۔

اداکارہ کے مطابق ڈرامے میں ان کا کردار مختصر تھا، انہیں چوتھی قسط میں مرجانا تھا لیکن ان کی اداکاری کو دیکھ کر ان کے کردار کو طویل کرکے آخری 13 ویں قسط تک بڑھا دیا گیا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔

عینی زیدی نے بتایا کہ انہیں اس قدر پہلے ڈرامے سے ہی شہرت ملی کہ وہ ایک بار اہل خانہ کے ہمراہ مری گھومنے گئیں تو انہیں ہجوم نے گھیر لیا، وہاں سے انہیں بھاگنا پڑا۔

ان کے مطابق ان کی شادی کم عمری میں 17 سال میں ہوگئی تھی، جس کے بعد وہ شوہر کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئیں اور ڈراما انڈسٹری سے بھی دور ہوگئیں۔

انہوں نے امریکا منتقلی کو زندگی کا مشکل ترین فیصلہ بھی قرار دیا، تاہم ساتھ ہی اعتراف کیا کہ وہاں جانے کے بعد ہی انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی اور بچوں کی بہتر پرورش بھی ہوئی۔

عینی زیدی کے مطابق انہوں نے امریکا میں ہی تعلیم مکمل کی اور پھر ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا، بچے جوان ہوئے تو انہوں نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے شادی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی تھی، انہیں اتنی جلد شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔

ان کے مطابق کم عمری میں شادی میں بچے بھی ہوجاتے ہیں اور پھر والدین اور بچے ایک ساتھ بڑے ہو رہے ہوتے ہیں، جس سے کئی مشکلات بھی ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود بچوں کے بعد سمجھدار ہوئیں، انہیں بہت ساری چیزوں کا پتا نہیں تھا، بچوں کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھی بہت ساری چیزیں سیکھیں۔

عینی زیدی نے معاشرے میں پائے جانے والے اس تصور کو فرسودہ قرار دیا کہ کم عمری میں شادی کی جائے تو بچے اور والدین ایک ساتھ بڑے ہوتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ خصوصی طورپر لڑکیوں کو یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شادی کرنی چاہیے اور ان کے خیال میں لڑکیوں کے لیے شادی کی درست عمر 23 سے 24 سال ہے۔

پہلے آڈیشن کیلئے دادی کے انتقال کا جھوٹ بول کر دفتر سے چھٹی لی تھی، اسد صدیقی

اے آر رحمٰن والد کی طرح ہیں، گٹارسٹ موہنی ڈے کی تعلقات کی خبروں پر وضاحت

نائیجیریا میں ’معجزاتی حمل‘ کے نام پر خواتین کے ساتھ دھوکے کا اسکینڈل