دھوکے سے دوسری شادی کرنا معاشرے میں معمول بن چکا، حریم فاروق
مقبول ڈرامے ’بسمل‘ میں کاروباری شخص کی دوسری بیوی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں دھوکے سے دوسری شادی کرنا معمول بن چکا۔
حریم فاروق نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں ’بسمل‘ میں اپنے کردار سمیت دوسرے معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کی پروڈیوس کردہ فلم ’مینگو جٹ‘ شوٹنگ کے مراحل میں ہے، جس میں ان کے ساتھ فیصل قریشی اور شمعون عباسی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ نے انہیں فلم میں کام کی پش کش کی تھی لیکن جب انہوں نے کہانی پڑھی تو فلم کو پروڈیوس کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
حریم فاروق نے ایک بار پھر اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ انہوں نے ہانیہ عامر جیسی ٹیلنٹڈ اداکارہ کو متعارف کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے ہانیہ عامر کو فلم میں متعارف کرایا لیکن وہ اپنے ٹیلنٹ کی وجہ سے آج موجودہ مقام پر ہیں، وہ دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حریم فاروق نے انکشاف کیا کہ ’بسمل‘ ڈرامے میں معصومہ نامی لڑکی کا منفی کردار ادا کرنے کا ان کی ذہنی صحت پر منفی اثر بھی پڑا اور وہ ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہونے کے کئی ماہ بعد منفی خیالات میں گھری رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ ختم ہونے کے باوجود ان کے ذہن میں منفی خیالات آتے رہے، جس پر وہ خود بھی پریشان تھیں، جس کے بعد انہوں نے ذہنی صحت پر کام کیا۔
حریم فاروق نے بتایا کہ منفی خیالوں سے نکلنے کے لیے انہوں نے خود کو سب سے دور کرکے تنہا کردیا، پھر سیر و تفریح نکل پڑیں، ماہرین کے پاس پاس تھراپی سیشن لینے گئیں اور دوستوں سے اپنی مثبت باتوں پر گفتگو کرنے لگیں اور انہیں منفی خیالات سے نکلنے میں کافی وقت لگا۔
ڈرامے میں اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ڈراما نشر ہوا، تب انہیں احساس ہوا کہ ان کے کردار کی کہانی معاشرے کے ہر دوسرے گھر کی کہانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تقریبا ہر دوسرے گھر میں دوسری شادی جیسے مسائل موجود ہیں۔
حریم فاروق کے مطابق مذہب اسلام میں دوسری شادی کی اجازت ہے، دوسری شادی سے کوئی کسی کو نہیں روک سکتا لیکن دھوکا دے کر شادی کرنا معمول بن چکا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں بھی یہی دکھایا گیا ہے کہ کاروباری شخص اپنی پہلی بیوی اور بیٹے کو دھوکا دے کر دوسری شادی کرلیتا ہے، جس سے خاندان میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
ان کے مطابق معاشرے میں بھی یہی ہو رہا ہے مرد دھوکے سے دوسری شادی کرتے ہیں، جس کے اثرات پورے خاندان پر پڑتے ہیں، ایسی شادیاں معمول بن چکیں اور ہر دوسرے گھر میں یہی کہانی چل رہی ہے۔