ہانیہ عامر سے اچھے تعلقات ہیں، بادشاہ
بھارتی پنجابی گلوکار، ریپر و موسیقار بادشاہ نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر سے تعلقات پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان نہ صرف اچھی دوستی ہے بلکہ ان کے اچھے تعلقات بھی ہیں۔
بادشاہ نے حال ہی میں بھارتی نشریاتی ادارے ’آج تک‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کرتے ہوئے ہانیہ عامر سے تعلقات پر پوچھے گئے سوال پر بھی وضاحت کی۔
بادشاہ نے کہا کہ ہانیہ عامر اور ان کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ساتھ گھومنے اور شاپنگ کرنے کی باتوں کو وہیں رہنا دیا جائے، انہیں مزید نہ پھیلایا جائے تو بہتر ہے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کے اور ہانیہ عامر کے درمیان اچھی دوستی ہے، دونوں کے درمیان اچھے روابط اور تعلقات ہیں، اس سے بڑھ کر ان کے درمیان کچھ نہیں۔
بادشاہ کے مطابق وہ اور ہانیہ عامر جب بھی ملتے ہیں تو ایک ساتھ مستی کرتے ہیں، اس کے علاوہ ان کے درمیان کوئی اور چیز نہیں۔
ریپر کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر اور وہ اپنی اپنی ذاتی زندگی میں بہت خوش ہیں، تاہم ان کے درمیان اچھے روابط اور دوستی ہے۔
ایک اور سوال پر بادشاہ نے کہا کہ اگر ہانیہ عامر کو ان کی زندگی سے متعلق ہر چیز کا علم ہے اور ان سے متعلق تمام باتیں درست کرلیتی ہیں تو اس میں وہ کیا کرسکتے ہیں؟ ان کے درمیان اچھی دوستی ہے، اس وجہ سے اداکارہ ان سے متعلق بہت کچھ جانتی ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ لوگ نہیں سمجھتے، ان کے اور ہانیہ عامر کے درمیان اچھی دوستی کا رشتہ ہے، ان کے درمیان دوستی اور اچھے روابط کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔
بادشاہ کے مطابق انہیں سمجھ نہیں آر رہا کہ وہ لوگوں کے سمجھنے اور کہنے پر کیا بات کریں۔
ان سے قبل ہانیہ عامر نے بھی مارچ 2024 میں بادشاہ سے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر واضح کیا تھا کہ ان دونوں کے درمیان صرف دعا سلام والی دوستی ہے جب کہ ان سے تعلقات سے متعلق خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، جنہیں پڑھ کر انہیں افسوس بھی ہوتاہے۔
ہانیہ عامر اور بادشاہ کے درمیان گزشتہ ایک سال سے تعلقات کی خبریں ہیں، دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں اس وقت پھیلیں جب دونوں کی دبئی میں ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔