پاکستان

طالبعلم کے اغوا کیخلاف بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کی کال، تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کا پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان، ہڑتال کے باعث کل اسکول،کالجز اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی، محکمہ تعلیم بلوچستان

11 سالہ مغوی طالب علم کی عدم بازیابی کے خلاف کل بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی گئی ہے، جس کے باعث تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ تعلیم بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہڑتال کے باعث کل اسکول،کالجز اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو 11 سالہ مصور کاکڑ کو نامعلوم افراد نے پٹیل باغ کے علاقے میں اسکول سے گھر جاتے ہوئے اغوا کیا تھا، اہلخانہ نے کہا تھا کہ بچے کی بازیابی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 19 نومبر کو کوئٹہ میں 11 سالہ طالب علم کے اغوا کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی تھی کیونکہ حکام اس کا سراغ لگانے میں ناکام رہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کوئٹہ میں ہڑتال کی کال دھرنا کمیٹی اور تاجروں کی ایسوسی ایشن نے مغوی بچے کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے مشترکہ طور پر دی تھی جبکہ کئی سیاسی جماعتوں نے ہڑتال کی حمایت کی تھی۔

اس کے علاوہ تاجر برادری نے بھی ہڑتال کی حمایت میں اپنے کاروبار بند رکھے تھے، اس دوران شہر میں تمام بڑے بازار، شاپنگ پلازے اور کاروباری مراکز بند رہے تھے۔

اس موقع پر داخلی اور خارجی راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے اور لوگوں سمیت گاڑیوں کی مسلسل چیکنگ کی گئی تھی۔

مغوی بچے کے والد حاجی راز محمد نے بلوچستان ہائی کورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کو اغوا ہوئے 5 دن گزر چکے ہیں لیکن اب تک اس کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔

انہوں نے آرمی چیف سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے بیٹے کی بحفاظت واپسی کے لیے مداخلت کریں۔

انہوں نے عوام کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا اور اغوا کاروں سے رابطے کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا، مزید کہا تھا کہ مستقبل کے اقدامات کا فیصلہ دھرنا کمیٹی کرے گی۔