پاکستان

اسلام آباد: بیلاروس کا 68 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، محسن نقوی نے استقبال کیا

صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات ہوگی، دورے کے دوران متعدد معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر بیلاروس کا 68 رکنی وفد سرکاری دورے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے استقبال کیا، تاہم صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کل پاکستان پہنچیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کل سے 27 نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کو دورے کی دعوت دی تھی۔

بیلاروس کے صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات ہوگی، ملاقات میں تعلقات، مختلف شعبوں پر تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دورے میں متعدد معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر بیلا روس کے وزیر اعظم رومن گولو و چینکو سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری، مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی تھی اور ’شنگھائی اسپرٹ‘ کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

اس موقع پر رومن گولوو چینکو نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔