پاکستان

پی ٹی آئی اہم شخصیات کی پاکستان آمد پر ہی احتجاج کی کال کیوں دیتی ہے، اسحٰق ڈار

آج بیلاروس کے وفدکی آمد پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی، تحریک انصاف سیاست کے بجائے پاکستان کو ترجیح دے، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج کی کال اس وقت دیتی ہے،جب اہم شخصیات پاکستان آرہی ہوں۔

ڈان نیوز کے مطابق موجودہ صورتحال پر سماجی رابطے کی سائٹ ’ ایکس’ پر اہم بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج سیاسی ہے یا ملک کی عزت اور وقار کے خلاف سوچی سمجھی سازش اور کھیل ہے؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاست کے بجائے پاکستان کو ترجیح دے، پی ٹی آئی احتجاج کی کال اس وقت دیتی ہے،جب اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان آرہی ہوں، پی ٹی آئی نےچینی وزیراعظم کےدورے،شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کانفرنس کےموقع پر بھی احتجاج کی کال دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بیلاروس کے وفدکی آمد پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی، خدارا پاکستان کو اپنی گھٹیا سیاست پر فوقیت دیں۔

عوام نے پی ٹی آئی کی انتشاری سیاست کو مسترد کردیا، مصدق ملک

دوسری طرف وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہوکر 6 فیصد تک چلی گئی، اسٹارک مارکیٹ ایک لاکھ سے تجاوز کرنے کو ہے جو آج تک پاکستانی تاریخی میں کبھی نہیں ہوا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاراچنار واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ہمیں آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہوگا اور اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دارالخلافے پر دھاوا بولا جارہا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور احتجاج کے بجائے اپنے صوبے پر توجہ دیں، پنجاب میں کہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج نظر نہیں آرہا، عوام نے ان کی انتشاری سیاست کو مسترد کردیا۔

مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما خود آواز دے رہے ہیں کہ ہمیں گرفتارکرلو، لاہور میں جو پی ٹی آئی کے بڑے لیڈرز ہیں وہ کہاں ہیں؟ یہ نہیں چاہتے عمران خان کی کوئی صلح صفائی ہو، احتجاج اسلام آباد اور پنجاب پر حملہ ہے، حکومت کی ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی، شرپسند عناصر کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

شرپسند ٹولہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے, انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیرامور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتشار کی سیاست کررہی ہے، شرپسند ٹولہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال مسترد کردی، احتجاج سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہوتا ہے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ کرم میں خون کی خولی کھیلی جاری رہی ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ترجیحات میں مسائل کا حل شامل نہیں، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، عوام نے تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پشاور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، احتجاج کی کال پر وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستے سیل ہیں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔