پاکستان

اسلام آباد میں پولیس کا کومبنگ آپریشن، 300 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار

گرفتار کارکن جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تھے، پولیس کا دعویٰ

اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 300 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام اباد پولیس کی جانب سے شہر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، اس جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچنے والے درجنوں پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔

کومبنگ آپریشن میں گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز کی چیکنگ کی گئی، آپریشن کے دورران تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے 70 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کرلیے گئے۔

اس کے علاوہ تھانہ کوہسار کے علاقے سے 60، تھانہ بارہ کہو سے 20 اور تھانہ رمنا سے 25 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کومبنگ آپریشن کے دوران تھانہ لوئی بھیر کے علاقے سے 35، سنگجانی سے 45 اور تھانہ ترنول کے علاقے سے 42 کارکن گرفتار کرلیے گئے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچنے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی ہر صورت اسلام آباد پہنچنےکا اعلان کرچکے ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ احتجاج کی کال واپس لینے کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے۔