پاکستان

کابینہ ڈویژن کا توشہ خانہ میں موصول مزید تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ

کابینہ ڈویژن نے تحائف کی قیمتوں کاتخمینہ لگانےکیلیے 13 دسمبر سے نجی کمپنیوں سے بولیاں طلب کرلیں۔

کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ میں موصول مزید تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ کرلیا اور اس کے لیے 13 دسمبر تک نجی تخمینہ کاروں سے بولیاں طلب کی گئیں ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ میں موصول تحائف کے لیے نجی تخمینہ کاروں سے بولیاں 13 دسمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ میں موصول مختلف کٹیگریز کے تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگایا جائے گا، زیورات، گھڑیاں، الیکٹرانکس، اسلحہ اور کارپٹس سمیت دیگر موصول تحائف کی قدر معلوم کی جائے گی۔

کابینہ ڈویژن کامیاب تخمینہ کاروں کے ساتھ ایک سال کے لیے معاہدہ کرے گا، کامیاب اپریزرز کو تحائف کے تخمینوں کے لیے چارجز ادا کیے جائیں گے۔

ریاست کی ملکیتی توشہ خانہ کے تحائف صرف سیاسی عہدیداروں، بیوروکریسی جس میں سویلین وملٹری دونوں اور اعلیٰ عدلیہ کے ججوں میں فروخت کے لیے دستیاب ہوتے ہیں۔

تاہم اگر کوئی تحفہ خریداری سے رہ جائے تو وہ عوام میں فروخت کے لیے نیلام کیا جاتا ہے، سرکاری پالیسی کے مطابق ہر ملنے والے تحفے کے متعلق حکومت کو مطلع کرنا اور اسے توشہ خانے میں جمع کرانا لازمی ہے۔