پاکستان

بشریٰ بی بی کا بیان انتہائی قابل مذمت، بیانیے کیلئے یہ ملکی تعلقات خراب کرسکتے ہیں، عطاتارڑ

ان فسادیوں کے ہوتے ہوئے ملک کا بھلا نہیں ہو سکتا،دوست اسلامی ملک جو مسلم امہ کا ستون ہے اس پر الزام بہت خطرناک ہے، عظمیٰ بخاری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے یہ ملکی تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان جب ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر) باجوہ کو فون کالز آنا شروع گئے کہ یہ کسے لے آئے ہو، ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکہ دار لے آئے ہو۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی سیاست جھوٹ، بہتان اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر چلتی ہے، اپنے سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے یہ ملک تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ پڑھی لکھی خاتون نہیں ہیں اور ان کو خارجہ امور کا نہیں پتا، ان کی سیاست جھوٹ، بہتان اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر چلتی ہے، انہوں نے انتہائی مکروہ حرکت کی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ان کے جھوٹ کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ اس دورے کے بعد ان کی اپنی بیٹی کی شادی اسی ملک میں ہوئی اور وہی سے ان کو تحائف ملےجو انہوں نے بلیک مارکیٹ میں فروخت کیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے یہ ملکی تعلقات کو خراب کرسکتے ہیں اور ملک میں آگ بھی لگا سکتے ہیں، ان کو ایک کام نہیں آتا اور وہ سچ بولنا ہے۔

دوسری جانب، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بشریٰ بی بی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک گھریلو غیرسیاسی خاتون نے قوم سے خطاب کیا، موصوفہ نے ایک دوست اسلامی ملک پر خودکش حملہ کر دیا ہے، دوست ملک پر شریعت ختم کرنے کا بڑا الزام لگا کر خود شریعت کی ٹھیکیدار بن رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ان فسادیوں کے ہوتے ہوئے ملک کا بھلا نہیں ہو سکتا، مزید کہا کہ بڑا دوست اسلامی ملک جو مسلم امہ کا ستون ہے اس پر یہ الزام بہت خطرناک ہے۔

بیان ملک کو تنہا کرنےکی سازش ہے، ترجمان حکومت سندھ

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان پر ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر ملک کے خلاف سازشیں کرنے لگی ہے، بشریٰ بی بی کا دوست اسلامی ملک کے خلاف بیان ملک کو تنہا کرنےکی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار (انصاف) ملک میں افراتفری پھیلا رہی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کرنا ملک جام کرنےکی باتیں کرنا معیشت سےکھیلنے کے مترادف ہے، پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے آج اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان جب ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر) باجوہ کو فون کالز آنا شروع گئے کہ یہ کسے لے آئے ہو۔

پاکستان تحریک انصاف کے یوٹیوب چینل سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ کو فون کالز پر کہا گیا کہ کیا اُٹھا کر لائے ہو، ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکہ دار لے آئے ہو۔