پاکستان

سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری، آج پھر 3 ہزار 700 روپے مہنگا

24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت مزید 3 ہزار 700 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 78 ہزار روپے تک جاپہنچی

ملک بھر میں مسلسل چوتھے روز سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج فی تولہ سونا مزید 3 ہزار 700 روپے مہنگا ہو گیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت مزید 3 ہزار 700 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 78 ہزار روپے تک جاپہنچی۔

اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا بھی 3 ہزار 172 روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 38 ہزار 340 روپے میں فروخت ہوا جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کے نرخ 2 لاکھ 18 ہزار 479 روپے ریکارڈ کیے گئے۔

دوسری جانب، چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت بھی بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے بڑھ کر 3 ہزار 450 روپے اور 2 ہزار 957 روپے تک پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، عالمی منڈی میں فی اونس سونے کے نرخ 37 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 688 ڈالر رہے۔

گزشتہ روز بھی فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 74 ہزار 300 روپے تک جا پہنچی تھی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 686 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 35 ہزار 168 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

19 نومبر کو فی تولہ سونے کے نرخ مزید 3 ہزار 600 روپے بڑھ گئے تھے، 18 نومبر کو 24 قیراط فی تولہ سونے کے نرخ 2 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 69 ہزار 900 روپے تک پہنچے تھے۔

16 نومبر بروز ہفتہ ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 67 ہزار 400 روپے پر آ گئی تھی۔

2 بار سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی کے بعد 15 نومبر اس کے نرخ ایک ہزار 300 روپے بڑھ گئے تھے اور فی تولہ سونا 1300 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 67 ہزار 7 سو روپے کا ہوگیا تھا۔

14 نومبر کو ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی کے ساتھ 2 لاکھ 66 ہزار 400 روپے ہو گئی تھی۔

12 نومبر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوگئی تھی۔