عمران خان کو اس وقت ریلیف ملنا مشکل، رہائی کا فی الحال امکان نہیں، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کا فی الحال کوئی امکان نہیں، اس وقت انہیں ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے۔
اسلام آباد میں ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کہاکہ سیاسی اور عسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے کر جا رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف اب راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے، پی ٹی آئی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نہ کرنا پڑے۔
اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں مبینہ مذاکرات سے متعلق صحافی کے سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ علی امین گنڈاپور روز اول سے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں،انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور جلوسوں سے غائب ہو کر برآمد ہوتے ہیں،احتجاج میں دو دن باقی ہیں بہت کچھ ہو سکتا ہے۔
اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی گفتگو سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ کا لہجہ کیسا ہو سکتا ہے ؟
انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے، وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان صہیونی لابی کا بندہ ہے، ان کے حق میں بیرون ممالک میں لابنگ ہو رہی ہے، پی ٹی آئی ورکرز ملک میں تباہی اور بیرونی لابنگ کی فنڈنگ کرتے ہیں،وزیر دفاع خواجہ آصف نے دوہری شہریت ختم کرنے کی سفارش بھی کردی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ افغانستان کی سرزمین دہشتگری کے لئے استعمال ہو رہی ہے،ہندوستان دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔