نارووال: گرفتاری سے بچنے کیلئے چھت سے چھلانگ لگانے والا پی ٹی آئی کارکن دوران علاج دم توڑ گیا
گزشتہ رات پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مبینہ پکڑ دھکڑ کے دوران یاسر ملہی اپنے گھر کی چھت سے دوسری چھت پر چھلانگ لگانے کی کوشش کر رہا تھا کہ نیچے جا گرا۔
24 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اعلان کردہ احتجاج کے پیش نظر پنجاب کے ضلع نارووال میں پولیس کی جانب سے مبینہ پکڑ دھکڑ کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے چھت سے چھلانگ لگانے والا سیاسی کارکن دوران علاج دم توڑ گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نارووال میں پولیس کی جانب گزشتہ رات پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مبینہ پکڑ دھکڑ کے دوران یاسر ملہی اپنے گھر کی چھت سے دوسری چھت پر چھلانگ لگانے کی کوشش کر رہا تھا کہ نیچے جا گرا۔
رپورٹ کے مطابق زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کی فراہمی کے لیے لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
بعد ازاں اہلخانہ نے لاش کو پولیس اسٹیشن بدوملہی کے سامنے رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔