پاکستان

24 نومبر کو ہرصورت احتجاج ہوگا، کسی فالس فلیگ آپریشن کا حصہ نہیں بنیں گے، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد ہائیکورٹ سے ایسی ہی فیصلے کی توقع تھی اور 29 نومبر کو بھی ہمارے قائد کو انصاف ملے گا، ایسے فیصلوں کے بعد ججز پر دباؤ آتا ہے، رہنما تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ احتجاج کی کال برقرار ہے، 24 نومبر کو ہرصورت احتجاج ہوگا، کسی فالس فلیگ آپریشن کا حصہ نہیں بنیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ آنے والے دن اس ملک، صوبے اور پارٹی کے لیے بہت اہم ہیں، آج توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہوئی ہے، 29 نومبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 4 مقدمات کی سماعت ہونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ایسی ہی فیصلے کی توقع تھی اور 29 نومبر کو بھی ہمارے قائد کو انصاف ملے گا، ان کے خلاف تمام کیسز جعلی ہیں، ایسے شواہد موجود نہیں ہے جن کی بنیاد پر یہ کیسز چلائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا اور وہ باہر آئیں گے، حکومت کو کسی بھی قسم کی روکاوٹ پیدا نہیں کرنی چاہیے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے فیصلوں کے بعد ججز کو تنگ کیا جاتا ہے ، کئی مثالیں موجود ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہاکہ 24 کی کال ویسے ہی برقرار ہے جیسے دی گئی تھی، 24 کو ہر صورت احتجاج ہوگا،انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اتنے ہی زور و شور سے ہوگا جس زور و شور سے اس کا اعلان کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو اشتعال دلا رہے ہیں لیکن ہم پرامن طریقے سے آئیں گے، ہم کسی بھی قسم کے فالز فلیگ آپریشن کا حصہ نہیں بنیں گے، یہ ان لوگوں کے لیے پیغام ہے جو ہمارے لوگوں کے جذبے کو پروپیگنڈے کے ذریعے ختم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مرتبہ ملک بھر سے بڑے بڑے قافلے دیکھنے کو ملیں گے، 8 فروری کے بعد لوگوں نے خوف کے بت ٹوڑ دیے ہیں، انہوں نے کہاکہ یہ جنگ آئین کی عمل داری کا جنگ ہے، ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے لوگ بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے اپیل کی کہ عوام ہمارے ساتھ ملے اور بوگس نظام کے خاتمے میں ہمارے ساتھ دے، بہت جلد اس بوگس نظام کا خاتمہ ہو جائے گا اور سب کچھ معمول پر آجائے گا۔