پاکستان

عمران خان کی 24 نومبر کی کال پر ہر پاکستانی باہر نکلے گا، شاہ محمود قریشی

شہری قانونی احتجاج کے دوران کوئی ایسا غیر قانونی اقدام نہ کریں جس سے حکومت کوئی جھوٹا بیانیہ بنائے، رہنما پی ٹی آئی کا کوٹ لکھپت جیل سے خط

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی 24 نومبر کی احتجاج کی کال پر پاکستان کا ہر شہری باہر نکلے گا۔

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گری کی عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کی جب کہ جیل حکام نے عدالتی حکم کے باوجود کورٹ رپورٹرز کو عدالتی کارروائی رپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

شاہ محمود قریشی نے 24 نومبر کے پارٹی کے احتجاج کے حوالے سے جیل سے خط لکھا جس میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر پاکستان کا ہر شہری باہر نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہری قانونی احتجاج کے دوران کوئی ایسا غیر قانونی اقدام نہ کریں جس سے حکومت کوئی جھوٹا بیانیہ بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار غیر قانونی ہتھکنڈو سے باز رہیں، پولیس دفعہ 144 نافذ کرکے شہریوں کو نہیں روک سکتی۔

قبل ازیں سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین سمیت دیگر ملزمان نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمے میں عائد فرد جرم کو چیلنج کردیا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ احتجاج کے دوران گرفتاریوں سے بچیں جبکہ احتجاج کے لیے مؤثر تحریک اور وفاداری کی بنیاد پر ہی پی ٹی آئی میں ان کے مسقبل کا فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی رہنما کی پارٹی کے ساتھ دیرینہ وابستگی بھی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کی ضمانت نہیں دے گی اگر وہ احتجاج کے دوران توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج آپ لوگوں کی پی ٹی آئی سے وفاداری کا امتحان ہے، ہمارا ہدف عمران خان کی رہائی کو یقینی بنانا ہے اور ہم ان کے بغیر اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے۔