لائف اسٹائل

احسن خان کی وجہ سے بولی وڈ میں جانے کا موقع ملا، میکال ذوالفقار

میکال ذوالفقار نے اپنے ماڈلنگ کیریئر کے آغاز میں ہی بولی وڈ میں کام کرنا شروع کیا تھا، انہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘گاڈ فادر’ سے بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

مقبول ماڈل، اداکار و پروڈیوسر میکال ذوالفقار نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں احسن خان کی وجہ سے بولی وڈ میں جانے اور وہاں کام کرنے کا موقع ملا۔

میکال ذوالفقار نے اپنے ماڈلنگ کیریئر کے آغاز میں ہی بولی وڈ میں کام کرنا شروع کیا تھا، انہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گاڈ فادر‘ سے بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

حال ہی میں یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں میکال ذوالفقار نے اپنے کیریئر پر کھل کر بات کی۔

اداکار نے کہا کہ انہوں نے اپنے تجربے سے سیکھا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی جانب سے بھارت میں کام کرنا پائدار نہیں، وہاں کبھی بھی سیاسی حالات بگڑنے پر کیریئر داؤ پر لگ سکتا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ شروع میں جیسے ہی انہیں بھارت میں کام ملنا شروع ہوا تو انہوں نے پاکستان میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستانی اداکاروں پر پابندی لگی تو ان کا کیریئر پر خطرے میں پڑ گیا۔

میکال ذوالفقار نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے بعد انہوں نے دوبارہ پاکستان میں کام کرنا شروع کیا تو انہیں مشکلات پیش آئیں، کیوں کہ پہلے انہوں نے خود یہاں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اداکار کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہمیشہ سیاسی کشیدگی رہتی ہے اور سیاست ہی جیت جاتی ہے، فنکار اور اداکار سیاست کے آگے مجبور ہوجاتے ہیں، وہاں کام کرنا اچھی بات ہے لیکن وہاں کام کرنا پائدار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے انہوں نے خود پہلے بھارت میں کام کرنے کو ترجیح دی تو ان کا کیریئر خطرے میں پڑ گیا تھا، اسی طرح پاکستان کے کسی بھی اداکار کو بھارت کو ترجیح نہیں دینی چاہیے، کیوں کہ وہاں ہمیشہ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے مسائل ہوتے رہتے ہیں۔

میکال ذوالفقار کے مطابق انہوں نے یہ بھی محسوس کیا ہے کہ بھارت میں پاکستانی اداکاروں کو بہت زیادہ اچھے کردار نہیں دیے جاتے، انہیں دکھاوے کے لیے کمزور کردار دیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کام کے دوران اگر کوئی پاکستانی اداکار مشہور ہونے لگتا ہے تو وہاں کے لوگ اس کے پتے کاٹنا شروع کردیتے ہیں۔

بولی وڈ میں کام کا موقع کیسے ملا؟ کے حوالے سے میکال ذوالفقار نے بتایا کہ انہیں احسن خان کی وجہ سے بولی وڈ میں کام کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے بتایا کہ 2007 میں ’گاڈ فادر‘ نامی فلم میں پہلے احسن خان کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے کام کرنے سے انکار کیا اور انہیں فلم کی ٹیم سے جوڑا، جس کے بعد انہیں کاسٹ کیا گیا۔

میکال ذوالفقار نے اپنے بھارت جانے اور بولی وڈ میں کام ملنے کا کریڈٹ احسن خان کو دیا اور کہا کہ ان دونوں کے درمیان اچھی دوستی تھی، اس لیے انہوں نے انہیں وہاں کام کرنے کے لیے کہا۔

بولی وڈکیریئر پاکستانی اداکاروں کیلئے ’پائیدار‘ نہیں، میکال

بھارت میں پاکستانیوں کو مرکزی اور نہ ہی اچھے کردار دیے جاتے ہیں، میکال ذوالفقار

میکال ذوالفقار بولی وڈ فلم میں