لائف اسٹائل

اتنا پیسا کمانا لازمی ہے کہ رشتے نہ ٹوٹیں، دانش نواز

کافی عرصے تک صرف مزاحیہ کردار ہی ادا کرتا رہا، جس سے لوگوں کو لگا کہ مجھے صرف کامیڈی آتی ہے، اداکار

اداکار و ہدایت کار دانش نواز نے کہا ہے کہ ہر انسان کو اتنا پیسا لازمی کمانا چاہیے کہ پیسوں کی وجہ سے اس کے رشتے نہ ٹوٹیں اور اپنے نہ چھوٹیں۔

دانش نواز حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کامیڈی سے کیریئر کا آغاز کیا اور کافی وقت تک مزاحیہ کردار ہی ادا کرتے رہے، جس سے لوگوں کو لگا کہ انہیں صرف کامیڈی آتی ہے۔

ان کے مطابق وہ لوگوں کے ذہنوں میں خود سے متعلق سوچ بدلنا چاہتے تھے، اس لیے وہ ہدایت کاری کی جانب آئے اور انہوں نے وہاں بھی محنت سے نام کمایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوبز کیریئر سے قبل ہی ان کے والد فرید نواز بلوچ انتقال کر گئے تھے اور یاسر نواز سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا، ان کے ساتھ ہی انہوں نے ’نادانیاں‘ میں زندگی کا بہترین کردار بھی ادا کیا۔

ایک سوال کے جواب میں دانش نواز نے بتایا کہ انہیں اداکاری کے بعد ہدایت کاری میں آنے میں کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں، وہ شوٹنگ شروع کرنے سے قبل اسکرپٹ کو مکمل پڑھ اور سمجھ لیتے ہیں، جس کے بعد وہ شوٹنگ کرتے ہیں، جس سے اداکار بھی ان کے کام سے متاثر ہوتے ہیں۔

محبت سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک ہی شخص سے 100 بار یک طرفہ محبت کی اور یک طرفہ محبت کرنی چاہیے، اس میں کسی کو دوسرے سے کوئی امید نہیں ہوتی۔

پیسے کمانے سے متعلق سوال پر دانش نواز نے کہا کہ ہر انسان کو اتنا پیسا لازمی کمانا چاہیے کہ ان سے ان کے رشتے اور تعلقات نہ چھوٹیں، نہ ٹوٹیں۔

ان کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ ہر شخص کو اتنے پیسے کمانے چاہیے کہ جب ان سے اپنا بچہ کسی چیز کی فرمائش کرے تو وہ انہیں دلا سکیں۔

دانش نواز نے اسی پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنے تو پیسے کے بغیر ہی محبت دیتے ہیں لیکن غیر کو پیسہ دینا پڑتا ہے۔

مقتولہ سارہ شریف کی سوتیلی ماں، چچا کا اپنے دفاع میں بیان دینے سے انکار

پاکستان میں پولیو کا رواں سال کا 50واں کیس سامنے آگیا