فضائی آلودگی میں کمی: لاہور اور ملتان کےعلاوہ پنجاب بھر میں اسکول کھولنے کا حکم
حکومت پنجاب نے فضائی آلودگی کم ہونے پر لاہور اور ملتان کے علاوہ صوبے بھر میں اسکول کل سے کھولنے کا حکم دے دیا۔
حکومت پنجاب کی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی (ای پی اے) کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق بالائی حصوں میں بارشوں کے نتیجے میں پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضائی صورتحال بہتر ہوئی ہے، لہٰذا لاہور اور ملتان کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے 19 نومبر (منگل) سے دوبارہ کھل جائیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق طلبہ اور عملے کو لازمی طور پر ماسک پہننا ہوگا جبکہ تعلیمی ادارے صبح 8 بج کر 45 منٹ سے قبل نہیں کھلیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈور کھیلوں پر ’مکمل پابندی‘ ہوگی، اس کے علاوہ ٹریفک کے ہجوم سے بچنے کے لیے کلاسز کے حساب سے اسکول بند کرنے کے اوقات متعارف کرانا ہوں گے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے چیف ایگزیکٹو افسران کو مندرجہ بالا ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح ہے کہ 6 نومبر کو پنجاب حکومت نے اسموگ کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے 18 اضلاع میں 7 سے 17 نومبر تک سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اسکول 24 نومبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔
تاہم اتوار کو لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں معمولی بہتری ہوئی اور 12 دنوں میں پہلی بار انڈیکس 300 کی سطح سے نیچے آیا، آج انڈیکس 158 ریکارڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔