ملک کے 15 نامزد بینکوں نے حج درخواستوں کی وصولی شروع کردی
سال 2025 کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے کے سلسلے میں درخواستوں کی وصولی کا آج سے آغاز ہوگیا جب کہ ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا کہ حج درخواست کے ہمراہ 2 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔
اس کے علاوہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی جب کہ یکم تا 10 فروری تک بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ 89 ہزار 605 مختص ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں، بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہو گی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی سیکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا، خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی، اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج پیکج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب، ویکسین شامل ہے، شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہو گی۔
اس کے علاوہ ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گی، 12 سال سے کم عمر بچے بھی سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔
بیان میں بتایا گیا کہ درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رہنمائی میسر ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ آئندہ سال پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جب کہ اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں، سرکاری حج اسکیم کے لیے روایتی لانگ پیکج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکیج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا تھا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 18 نومبر سے 3 دسمبر تک حج درخواستیں وصولی کی جائیں گی، حج قرعہ اندازی 6 دسمبر کو کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ سال 2025 کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، سرکاری و نجی حج اسکیموں کے لیے 89 ہزار 605 سیٹیں مختص کی گئی ہیں، سرکاری حج اسکیم کے لیے روایتی لانگ پیکج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ حج واجبات 2 لاکھ روپے کی پہلی قسط حج درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی، قرعہ اندازی کے 10 دن کے اندر اندر 4 لاکھ روپے مزید جمع کروانا لازم ہے جب کہ بقیہ رقم یکم تا 10 فروری 2025 کے درمیان جمع کرانی لازم ہو گی۔