پاکستان

عمران خان اور بشریٰ بی بی جلسے کی حتمی کامیابی کیلئے اپنے بچوں کو لائیں، خواجہ آصف

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ 24 نومبر کے جلسے کے لیے 5 ہزار سے 20 ہزار تک ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ذمہ داری لگارہی ہیں، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان جلسے کی حتمی کامیابی کے لیے اپنے تین بچے لندن سے بلائیں اور بشریٰ بی بی بھی اپنے بچے پوتے و پوتیاں اور نواسے و نواسیوں کی شرکت لازم بنائیں۔

انہوں نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں لکھا کہ بشریٰ بی بی 24 نومبر کے جلسے کے لیے 5 ہزار سے 20 ہزار تک ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی ذمہ داری لگارہی ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ جلسے کی حتمی کامیابی کے لیے بانی پی ٹی آئی اپنے 3 بچے لندن سے بلائیں اور بشریٰ بی بی بھی اپنے بچے، پوتے و پوتیاں اور نواسے و نواسیوں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مفت بری اور نوسر بازی کرتے عمر ہوگئی اب خرچے کا بوجھ کچھ خود بھی اٹھائیں، اپنے کاز کے ساتھ کمٹمنٹ کا اظہار کریں۔

واضح رہے کہ 13 نومبر کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا جبکہ قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آزادی میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہے، علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس بار کوئی واپسی نہیں ہے، جب تک ہماری مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ احتجاج کی فائنل کال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید مریم نواز واپسی موخر کرکے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ احتجاج کی فائنل کال جعلی حکومت کے جنازے کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔

9 نومبر کو صوابی جلسے میں علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ عمران خان اس ماہ احتجاج کی کال دیں گے تو ہمیں سروں پر کفن باندھ کر نکلنا ہوگا اور اس بار بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کر دم لیں گے۔