دنیا

ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد بھارت ایلیٹ گروپ میں شامل

1500 کلومیٹر سے زیادہ رینج کے حامل میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد بھارت بھی چین، روس، امریکا کے ساتھ ہائپرسونک میزائل بنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔

بھارت نے مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق بھارت نے اس دعوے کے ساتھ فوجی ترقی میں ایک اہم سنگ میل حاصل کرلیا۔

اس کامیاب تجربے نے بھارت کو جدید ٹیکنالوجی کے حامل ممالک کے چھوٹے گروپ میں شامل کردیا ہے۔

یہ تجربہ ہائپرسونک ہتھیاروں کے حصول کے لیے بھارت جیسے ممالک کی عالمی کوششوں کا تسلسل ہے جب کہ چین، روس اور امریکا پہلے ہی طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید میزائل تیار کرنے والے ممالک ہیں۔

حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی میزائل جسے ریاستی زیر انتظام ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزینشن اور صنعتی شراکت داروں نے مل کر تیار کیا ہے، یہ میزائل مسلح افواج کے لیے ایک ہزار 500 کلومیٹر (930 میل) سے زیادہ رینج کے لیے پے لوڈ لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا فلائٹ ڈیٹا نے کامیاب ٹرمینل سمت اور انتہائی درستگی کے ساتھ اثرات کی تصدیق کی۔

اس میں کہا گیا کہ ٹیسٹ فائرنگ ہفتے کے روز ریاست اڈیشہ کے مشرقی ساحل پر واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے کی گئی۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں اس تجربے کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بھارت کو ایسی اہم اور جدید ٹیکنالوجیز رکھنے والے ممالک کے منتخب گروپ میں شامل کر دیا ہے۔