لائف اسٹائل

عامر خان نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ کے بعد کب خاموشی سے واپسی کی؟ ایکٹر کا انکشاف

کچھ سال قبل فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا اور اس حوالے سے اپنی فیملی کو بھی اگاہ کیا تھا، اداکار

بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لینے اور خاموشی سے اسے واپس لینے کی وجہ بتا دی۔

عامر خان نے حال ہی میں ہالی وڈ رپورٹر انڈیا میں اپنی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے چند دلچسپ انکشافات کیے۔

انٹرویو کے دوران اداکار کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے بتایا کہ انہوں نے کچھ سال قبل فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا اور اس حوالے سے اپنی فیملی کو بھی آگاہ کیا تھا لیکن عامر خان کے بچوں اور میں نے انہیں انڈسٹری نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا جس کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لیا اور خاموشی سے فلمی دنیا میں واپس آگئے۔

عامر خان نے انٹرویو کے دوران اس فیصلے کے پس منظر کا بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے 2022 میں لال سنگھ چڈھا فلم سے پہلے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا تھا کیونکہ میں اپنی ذاتی زندگی میں کافی چیزوں سے گزر رہا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ کرونا کے دوران ہی مجھے اس بات کا اندازہ ہوا کہ میری 18 سال سے لے کر اب تک اپنی ساری زندگی میں توجہ کا مرکز سنیما اور فلمیں رہی ہیں، میں اس دوران اپنے رشتوں جن میں میرے بچے، بھائی اور اہلخانہ کے علاوہ میری سابقہ اہلیہ کرن راؤ یا رینا دتا شامل ہیں کو وقت نہیں دے پایا، مجھے ایسا لگا کہ میں اس سارے وقت میں ان لوگوں کے ساتھ نہیں تھا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ میں نے فیملی کو زیادہ وقت نہ دینے کی وجہ سے خود کو مجرم محسوس کیا اور اس وجہ سے خاموشی سے فلم انڈسٹری کو چھوڑنے کا ارادہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے 35 سالہ کریئر میں بہت ساری فلمیں کی ہیں لیکن میں اب اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا تھا اور میں بہت خوش نصیب ہوں کہ مجھے اس عمر میں جاکر اس بات کا اندازہ ہوا، اس سے قبل میں اس حوالے سےکچھ قدم نہیں اٹھا سکتا تھا لیکن اب میں کم از کم کچھ کرسکتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ سب فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے دوران ہوا جب فلم آدھی شوٹ ہوگئی تھی اور آدھی رہتی تھی تو یہ دعویٰ کہ فلم کی ناکامی کی وجہ سے انڈسٹری چھوڑ رہا ہوں درست نہیں تھا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے جنید خان نے فیصلہ سن کر کہا کہ آپ اپنی زندگی میں ایک انتہا سے دوسری انتہا کی جانب سفر کیوں کرنا چاہتے ہیں؟

انٹرویو کے دوران عامر خان نے بتایا کہ میرے بیٹے نے مجھے ریٹائرمنٹ لینے کے بجائے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کے درمیان توازن قائم کرنے کا مشورہ دیا۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ میں آنے والے 10 سالوں کو اپنی زندگی کے سب سے کارآمد سال بنانا چاہتا ہوں اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو سپورٹ کرنا چاہتا ہوں۔