ڈنمارک کی شپنگ کمپنی کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
یورپی ملک ڈنمارک کی عالمی کنٹینر شپنگ کمپنی ’مرسک لائن‘ نے پاکستان کے بحری شعبے میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم کیا ہے اور حکومت نے تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بحری امور کے وزیر قیصر احمد شیخ نے اسلام آباد میں شپنگ کمپنی کے حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران اس سرمایہ کاری کے اعلان کو پاکستان کی جہاز رانی اور لاجسٹکس صنعت کے لیے اہم کامیابی قرار دیا اور تعاون میں اضافے سے طویل مدتی معاشی فوائد کے امکانات کو اجاگر کیا۔
مرسک لائن کے حکام نے حکومت اور وزارت بحری امور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
قیصر احمد شیخ نے مرسک لائن کے عہدیداروں کو ان کے آپریشنز کو آسان بنانے اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم مرسک لائن کے ساتھ کام کرنے اور ان کی سرمایہ کاری کے لیے ہموار اور موثر طریقہ کار کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، شراکت داری کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور فریقین کے درمیان باضابطہ معاہدہ ہونے سے قبل یہ میٹنگ بہت اہم تھی۔
وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعاون مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا اور پاکستان کے بحری انفرااسٹرکچر کی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔
اے پی ایم ٹرمینلز
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اے پی ایم ٹرمینلز کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کے اظہار کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے گروپ کو سہولت فراہم کرنے، انہیں برابری کی سطح پر سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔