دنیا

اسرائیل پر یمن سے بیلسٹک میزائل اور عراق سے ڈرون حملے

یمن سے داغا گیا بیلسٹک میزائل اور عراق سے آنے والے4 میں سے 2 ڈرون اسرائیلی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی مار گرائے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے یمن کے حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنانے اور عراق سے آنے والے 4 ڈرون طیارے گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

وائس آف امریکا کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے قریبی علاقوں میں پیر کی صبح فضا میں میزائل کی نشاندہی ہونے پر سائرن بج اٹھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو دفاعی نظام نے اسرائیل کی سرحد میں داخل ہونے سے قبل ہی فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

واضح رہے کہ فوج کے اس بیان سے قبل مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف سائرن بجائے گئے تھے تاکہ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

اسرائیلی پولیس اور محکمہ فائر بریگیڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنےکے لیے دفاعی نظام سے داغے گئے میزائل کے کچھ ٹکڑے زمین پر گرنے سے آگ لگ گئی جس پر فوری قابو پالیا گیا۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب صہیونی ریاست پر مشرق سے 4 ڈرون حملے کیے گئے تاہم ان ڈورنز کو بھی فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا، واضح رہے کہ صہیونی فوج عراق کے لیے مشرق کی اصطلاح استعمال کرتی ہے۔

صہیونی فوج نے 4 میں سے 2 ڈرونز کو اسرائیل حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے،عراق میں سرگرم ایران کی حمایت یافتہ ’اسلامی مزاحمت‘ نے ان ڈرون حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔