اسحٰق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ریاض میں ہوگا، اجلاس میں پیر کو ہونے والی دوسری عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کا ایجنڈا طے کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نماز اور نوافل ادا کیے، انہوں نے ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
اسحٰق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے، وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے آج ریاض روانہ ہوں گے۔
ترکی کے وزیر توانائی الپارسلان بیرکتر نے سی این این ترک کو بتایا کہ اس اجلاس میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان بھی شریک ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، خاص طوپر فلسطین کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ اجلاس گزشتہ برس مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی اجلاس کا تسلسل ہوگا، جس میں غزہ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔
گزشتہ سال کے سربراہی اجلاس میں غزہ کے عوام کے لیے اہم ہنگامی امداد، علاقے سے اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کے لیے عالمی کوششوں اور فلسطین کاز کی حمایت کے لیے رکن ممالک کے درمیان اجتماعی کوششوں کا اعادہ کیا گیا تھا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اس ہفتے کے اوائل میں کہا تھا کہ وزیر اعظم غزہ میں مصائب کے فوری اور غیر مشروط خاتمے اور ’علاقائی استحکام کے لئے خطرہ‘ بننے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے پاکستان کے موقف کا اعادہ کریں گے۔