پاکستان

کوئٹہ دھماکے کے بعد ملک کے تمام ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ

کوئٹہ میں خود کش دھماکے کے بعد ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی۔

کوئٹہ میں خود کش دھماکے کے بعد ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی جبکہ ریلوے پولیس نے حیدرآباد اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر لائسنس پستول لے جانے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ریلوے نے بتایا کہ ٹرینوں کی آمد اور روانگی پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو سخت چیکنگ کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ غیرمتعلقہ افراد کا پلیٹ فارمز پر داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ آئی جی ریلویز پولیس کے احکامات پر تمام ریلوے اسٹیشنز کی سیکیورٹی میں مزید اضافے کر کے تمام ایس پیز کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی اور تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کو مزید چوکنا کردیا گیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھنے اور غیر متعلقہ افراد کا ریلوے اسٹیشن داخلہ ممنوع قرار دے کر سیکیورٹی آلات کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ استعمال کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

دوسری طرف، ریلوے پولیس نے حیدرآباد اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دوران تلاشی ملزم سے بغیر لائسنس پستول اور گولیاں بر آمد ہوئیں۔

واضح رہے کہ آج صبح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔

دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے، ریلوے حکام نے کہا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

حمزہ شفقات نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے کے 17 زخمی سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 19 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔

بعدازاں ترجمان صوبائی محکمہ صحت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد سول ہسپتال میں زیر علاج مزید دو زخمی دم تو ڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔