خیبرپختونخوا حکومت اور ہڑتالی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب، پیر سے اسکولز کھولنے کا اعلان
خیبرپختونخوا حکومت اور ہڑتالی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعدپرائمری اساتذہ نے 5 روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے پیر سے اسکولز کھولنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی نے پرائمری اساتذہ کے دھرنے میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا۔
انہوں نے مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو آگاہ کیا کہ حکومت نے پرائمری استاد کی بھرتی کا اسکیل 12 سے 14 کردیا جائے گا اور پرائمری ہیڈ ٹیچر کا اسکیل 15 سے 16 کیا جائے گا جب کہ استاد کی بھرتی کے لیے تعلیمی قابلیت بی ایس یا بی اے بی ایس سی ہو گی۔
ارباب شیر علی نے مظاہرین کو بتایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں 13 ہزار اساتذہ کی مستقلی کا اعلامیہ جلد جاری کرے گی، 7 اضلاع میں 3 ہزار پرائمری ہیڈ ٹیچرز کی پروموشن کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پی فنڈ کو پنشن میں تبدیل کرنے کے لئے کابینہ سے منظوری لی جائے گی، جبری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر 11 ارب روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے اور اگلے ہفتے ارباب شیر علی اپ گریڈیشن پر صوبائی حکومت کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے۔
ایم این اے ارباب شیر علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر تعلیم سے بات کی ہے، محکمہ تعلیم کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے، مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو میں بھی اساتذہ کے ساتھ سڑکوں پر نکلوں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مسائل ایک ماہ کے اندر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، پختونوں کا جرگہ ہے اور جرگے کی یقینی دہانی پر یقین رکھتے ہیں۔
مظاہرین کے نمائندہ کی جانب سے کہا گیا کہ شیر علی ارباب خاندانی بندہ ہے، یہ ہمیں دھوکا نہیں دیں گے، اس لیے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، پیر سے اسکول کھل جائیں گے۔