متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے، اسحٰق ڈار
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے، تجارتی سرگرمیوں کے لیے سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔
سرکاری خبررساں اداے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اسحٰق ڈار نے وزیر اعظم ہاؤس میں ابوظبی پورٹس متحدہ عرب امارات کے وفد کے آنے والے دورے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کے بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی۔
نائب وزیر اعظم کے آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحٰق ڈار نے دورے کی اہمیت کا ذکر کیا جو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور اس طرح کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اجلاس میں میری ٹائم، ایوی ایشن، ریلوے، بی او آئی اور فیڈرل بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر) کی وزارتوں سے متعلق مجوزہ ایم او یوز بھی پیش کیے گئے جبکہ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریوں نے مجوزہ مفاہمت ناموں پر پریزنٹیشن دی۔
نائب وزیر اعظم نے اجلاس میں موجود وزارتوں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اس دورے کی کامیابی اور مجوزہ مفاہمت ناموں پر دستخط کرنے کی تیاری کے لیے مستعدی اور مؤثر طریقے سے کام کریں۔