پاکستان

ایس سی او کانفرنس کے دوران غیر ملکی رہنما اسلام آباد کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوئے، وزیر اعظم

ایف 9 اور سیرینہ چوک جو منصوبے 6 ماہ میں مکمل ہونے تھے، وہ اب 3 ماہ میں مکمل ہوں گے، شہبازشریف کا منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کانفرنس کے دوران آنے والے غیر ملکی رہنما اسلام آباد کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوئے۔

اسلام آباد میں تعمیراتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات اور دیگر محکموں نے ایس سی او کانفرنس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ راولپنڈی کور نے چیف آف آرمی اسٹاف کی ہدایت کے مطابق بھرپور معاونت کی جس سے کئی دہائیوں بعد ملنے والے مہمان نوازی کے موقع کو کامیاب کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے دوران غیر ملکی زعما نےکہا کہ اسلام آباد تو بہت خوبصورت شہر ہے، اس کی خوبصورتی سے تو ہم بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ان کی یہ بات سن کر مجھے بہت خوشی ہوئی، میں نے یہ بات اپنے ساتھیوں کو بھی بتائی۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ سب کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھیں، دن رات کوشش کرکے اس کو اور زیادہ خوبصورت بنائیں، اسلام آباد میں مستقل خوبصورتی رہنی چاہیے تاکہ 12 مہینے کے دوران جو بھی مہمان آئیں، وہ اس کی خوبصورتی کو دیکھ کر عش عش کر اٹھیں، اللہ نے ویسے ہی اسلام آباد کو بہت قدرتی حسن دیا ہے، آپ کی کاوشوں سے اس میں بہت زیادہ نکھار آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اچھا موقع تھا کہ ایس ای او کانفرنس کےموقع پر آپ کی دکھائی گئی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا، آپ کی کاوشوں سے کانفرنس کامیاب ہوئی اور شہر کی خوبصورتی اب سدا بہار رہنی چاہیے۔