دنیا

بھارتی ہمالیہ میں بس کھائی میں جاگری، 36 افراد ہلاک

اب تک 36 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، تین شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، عہدیدار

بھارت میں ایک بس کو ہمالیہ کی گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں کم از کم 36 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے رپورٹ میں بتایا کہ حکومتی امدادی ٹیموں کی طرف سے جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس کا ملبہ کھائی میں جھاڑیوں میں گرا ہوا ہے جبکہ اس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

ہمالیہ کے علاقے میں پہاڑی سڑکوں پر حادثات عام ہیں، جن کی بنیادی وجہ خراب مینٹیننس اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا ہے۔

شمالی ریاست اتراکھنڈ کے ایک سینئر عہدیدار دیپک راوت نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک 36 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، مزید بتایا کہ تین شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سڑک حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے اظہار تعزیت کیا، ان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے سے میں جن لوگوں کی جان گئی ہے، ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے 2 لاکھ بھارتی روپے دیے جائیں گے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے ملیں گے۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، جو الموڑہ قصبے کے قریب جنگلاتی پہاڑیوں میں پیش آیا۔