پاکستان

پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

350 کلومیٹر رینج والا میزائل سسٹم زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے، جدید ترین نیویگیشن سسٹم کے ساتھ اپنی سمت و رفتار تبدیل کرنے کی خصوصیات سے لیس ہے، آئی ایس پی آر

پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ساڑھے تین سو کلومیٹر رینج والا میزائل سسٹم زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ نظام جدید ترین نیویگیشن سسٹم کے ساتھ اپنی سمت اور رفتار کو تبدیل کرنے کی خصوصیات سے لیس ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے تجربے کا مشاہدہ کیا۔

صدر پاکستان، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربے میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔