پاکستان

کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی لائن تبدیل

منصوبے پر 2 اعشاریہ 3 ارب کی لاگت آئی ہے جو دسمبر تک مکمل ہوگا اور لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔

کراچی میں پانی کی فراہمی کے پرانے نظام کو جدت کی جانب لانے کی طرف اہم پیشرفت سامنے آگئی اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی لائن کو تبدیل کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پانی کی فراہمی کی نئی لائن کا افتتاح کردیا۔ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بھی ہمراہ تھے۔

پانی کی فراہمی کی لائن نمبر پانچ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ اس کی جگہ ساڑھے 4 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔

منصوبے پر 2 اعشاریہ 3 ارب کی لاگت آئی ہے اور اس سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو دس مرکزی لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم یہ لائنیں چالیس سال پرانی ہوچکی ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے منصوبے کو کراچی میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔