پاکستان

گزشتہ ماہ سے لاپتا عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجھوتھا اٹک سے بحفاظت بازیاب

جی ٹی روڈ پر اسلام آباد سے خیبرپختونخوا جانے والی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، ناکہ بندی کے دوران اغوا کار گاڑی اور مغوی گزشتہ ماہ سے لاپتا پی ٹی آئی کے وکیل رہنما کو چھوڑ کرفرار ہوگئے، ترجمان پنجاب پولیس

گزشتہ ماہ سے لاپتا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن انتظار حسین پنجھوتھا کو پنجاب کے ضلع اٹک سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر اسلام آباد سے خیبرپختونخوا جانے والی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، مشکوک گاڑی کے نہ رکنے پر پولیس کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی۔

اپنے جاری بیان میں پنجاب پولیس نے بتایا کہ ناکہ بندی کے دوران اغوا کار گاڑی اور مغوی کو چھوڑ کرفرار ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انتظار حسین پنجھوتھا کو گاڑی میں بیٹھے ہوئے دیکھا گیا اور ان کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں انتظار حسین پنجھوتھا کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ 24 گھنٹے میں واپس آ جائیں گے۔

واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے فوکل پرسن انتظار حسین پنجھوتھا کی بازیابی سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی تھی۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ کوششیں جاری ہیں، مجھے دو دن دے دیں، مجھے تھوڑا سا ٹائم لگتا ہے پر کام ہو جاتا ہے، ہم علی بخاری صاحب سے رابطے میں ہیں، انشاء اللہ میں جمعے کو یہاں آکر اچھی خبر دوں گا۔

یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو وکیل علی اعجاز نے عمران خان کے ترجمان انتظار پنجوتھا کی مبینہ گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، چیف کمشنر اسلام آباد ، ایف آئی اے ، آئی جی اسلام آباد پولیس کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ انتظار پنجوتھا ایڈووکیٹ سے 8 اکتوبر شام 4 بجے سے رابطہ نہیں ہورہا ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما کو ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پولیس سمیت دیگر اداروں سے رابطہ کیا مگر تاحال انتظار پنجوتھہ کا کچھ علم نہ ہوسکا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: انتظار پنجوتھہ کی بازیابی سے متعلق کوئی پیشرفت نہ ہوسکی

اٹارنی جنرل نے عدالت کو 24 گھنٹے میں انتظار پنجوتھا کی واپسی کی یقین دہانی کرادی

انتظار پنجوتھا کی مبینہ گمشدگی، عدالت نے وزارتِ داخلہ ودفاع سے رپورٹ طلب کرلی