پاکستان

عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے وفد امریکا کا دورہ کرے گا، اٹارنی جنرل آف پاکستان

4 رکنی وفد میں سینیٹر طلحہ محمود، سابق وزیر انوشے رحمان، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ایک میڈیکل پروفیشنل شامل ہوں گے، اٹارنی جنرل آف پاکستان

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے فوراً بعد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے پاکستانی وفد واشنگٹن کا دورہ کرے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان کے استفسار پر منصور عثمان اعوان نے یہ معلومات فراہم کیں۔

اٹارنی جنرل آف پاکستان نے بتایا کہ 4 رکنی وفد میں سینیٹر طلحہ محمود، سابق وزیر انوشے رحمان، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ایک میڈیکل پروفیشنل شامل ہوں گے۔

یہ وفد امریکی انتخابات کے اختتام کے فورا بعد واشنگٹن پہنچے گا اور وہاں امریکی حکام سے بات چیت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفد کی ترجیح ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی اور ان کی صحت اور فلاح و بہبود کا جائزہ لینا ہوگی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحٰق نے ایڈووکیٹ زینب جنجوعہ کو فریقین کے درمیان رابطہ قائم کرنے کے لیے فوکل پرسن مقرر کردیا۔

اس کیس کی اگلی سماعت نومبر کے آخر میں ہوگی جس سے وفد کو امریکا میں سفارتی بات چیت کے لیے وقت مل جائے گا۔