پاکستان

کراچی: بچوں سے بدفعلی، نازیبا ویڈیوز بنانے کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد، جیل بھیجنے کا حکم

ملزم کا جرم نہایت سنگین ہے، یہ 2 بچوں کا معاملہ نہیں، پورے معاشرے کا ہے جہاں جنسی رجحان بڑھ گیا ہے، اس مرحلے پر ملزم ضمانت کا حقدار نہیں، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن غربی

کراچی کی ضلعی عدالت نے بچوں کے ساتھ بدفعلی کرکے ویڈیوز بنانے کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا حکم دےدیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن غربی کی عدالت میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کرکے ویڈیوز بنانے کے مقدمے میں ملزم ارسلان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کو اس کیس میں بدنیتی کے ساتھ پھنسایا گیا ہے، بچوں کے بیانات میں تضاد واضح ہے، مقدمے کے مطابق ملزم ارسلان 2 بچوں کو کیماڑی میں واقع اپنے آفس لے گیا، ملزم نے گن پوائنٹ پر بچوں کو برہنہ کرکے انہیں آپس میں بدفعلی کرنے پر مجبور کیا۔

اس میں کہا گیا کہ ملزم نے بچوں کی ویڈیو بنائی اور پھر خود بھی ان سے بدفعلی کا مرتکب ہوا، بچوں نے بعد میں مزاحمت کی اور ملزم کا موبائل فون لے کر وہاں سے بھاگ گئے۔

دوران سماعت عدالت کے سامنے تفتیشی افسر نے ملزم کے موبائل فون کو کھولا، موبائل فون میں بچوں کی برہنہ ویڈیو برآمد ہوئیں۔

عدالت نے کہا کہ ملزم کا جرم نہایت سنگین نوعیت کا ہے، یہ دو بچوں کا معاملہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کا ہے جہاں جنسی رجحان بڑھ گیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس مرحلے پر ملزم بالکل ضمانت کا حقدار نہیں ہے۔

عدالت نے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا حکم دےدیا، ملزم کے خلاف تھانہ جیکسن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔