حکومت کا امریکا، برطانیہ اور کینیڈا سے آنے والے سکھوں کیلئے فری آن لائن ویزا کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور برطانیہ سے سکھوں کو پاکستان پہنچنے پر 30 منٹ کے اندر مفت آن لائن ویزے مل جائیں گے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات جمعرات کو امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے ایک وفد سے لاہور میں ملاقات کے دوران کہی، ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو سال میں 10 بار تک پاکستان آنے پر خوش آمدید کہیں گے، ہر بار ہم آپ کا یہاں خیر مقدم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ درخواست دہندگان کو صرف 30 منٹ میں ویزا حاصل کرنے کے لیے ایک فارم پُر کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے حسن ابدال، کرتارپور، ننکانہ صاحب اور لاہور کے علاوہ پاکستان میں سکھوں کے دیگر مقامات کھولنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جانے کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ نوجوان سکھوں سمیت زیادہ سے زیادہ یاتری پاکستان آئیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 124 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزے کی ضرورت کو ختم کر دیا ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کرکٹ میچز اور حتیٰ کہ پاک-بھارت میچز کے لیے وزیٹرز کی حوصلہ افزائی کی جاسکے جبکہ ان مواقعوں کے لیے خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔
سکھوں یاتریوں نے مفت آن لائن ویزا کی سہولت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سفر کو بہت آسان بنا دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی تلاش کرنے میں بھی دلچپسی رکھتے ہیں۔
وفد میں ڈاکٹر دل ویر سنگھ پنوں، سرجیت سنگھ ہوتھی، رنجیت سنگھ کاہلون اور لکھمن سنگھ شامل تھے۔