پاکستان

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تنازعات کے حل کی متبادل کمیٹی کی تشکیل نو کردی

اے ڈی آر کی کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ چیئرمین جبکہ جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید کمیٹی کے اراکین کے طور پر شامل ہوں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے تنازعات کے حل کی متبادل کمیٹی کی تشکیل نو کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ ’اے ڈی آر‘ کمیٹی کے چیئرمین مقرر کر دیے گئے ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔

نوٹی فکیشن کی کاپی تمام متعلقہ افسر کو بھجوا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے کمیٹی میں جسٹس منیب اختر کو دوبارہ شامل کیا تھا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے۔