پاکستان

لندن میں فائز عیسیٰ پر حملہ کرنے والوں کی شہریت منسوخ کریں گے، وزیر داخلہ

اس واقعے پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا، محسن نقوی
|

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حملہ آوروں کی شہریت منسوخ کرنے کےلیے فوری کارروائی کی جائے گی۔

وزارت داخلہ کے ایکس کاؤنٹ پر جاری بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فوٹیجز کی مدد سے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور حملہ آوروں کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا ہے، اس واقعے پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔

نمائندہ ڈان کے مطابق لندن میں قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل کے قریب چانسری لین پر گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور حامیوں کی بڑی تعداد نے چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج کیا۔

سابق چیف جسٹس مڈل ٹیمپل میں منقدہ ایک پروقار تقریب میں شریک تھے، جو کہ لندن میں وکلا کی 4 انجمنوں میں سے ایک ہے، جنہیں طلبا کو بار میں بلانے کا خصوصی حق حاصل ہے۔

گزشتہ رات مڈل ٹیمپل میں بینچرز اور وکلا انجمن کے ارکان کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا گیا تھا جس میں منتخب ارکان کو بینچ میں مدعو کیا جانا تھا۔ رواں سال چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر کو مڈل ٹیمپل میں مدعو کیا گیا ہے، جنہیں عشائیے سے قبل بینچ میں مدعو کیا گیا اور اعزاز ی میز پر جگہ دی گئی، عشائیے کے بعد ہر نئے بینچر نے مختصر خطاب کیا۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے حامیوں اور رہنماؤں احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے سید ذوالفقار بخاری، صاحبزادہ جہانگیر اور سابق ایم این اے ملیکہ بخاری نے خطاب کیا، واضح رہے کہ ملیکہ بخاری نے 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

کئی مظاہرین نے سابق چیف جسٹس کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ’ مڈل ٹیمپل شرم کرو’ کے نعرے لگارہے تھے، مظاہرین نے سابق چیف جسٹس کو مدعو کرنے پر ادارے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

برطانیہ کے بیرسٹر مارک میکڈونلڈ نے مظاہرین سے خطاب میں مڈل ٹیمپل کی جانب سے سابق چیف جسٹس کو مدعو کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آئندہ ہرگز ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما ذوالفقار بخاری نے اپنے خطاب میں سابق چیف جسٹس کے مبینہ پی ٹی آئی مخالف اقدامات کا حوالہ دیا۔