پاکستان

پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملوں میں اضافہ، ایڈوائزری جاری

صارفین ہیکنگ سے بچنے کیلئے واٹس ایپ پر مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور کسی بھی نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں، ایڈوائزری
|

پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملوں میں اضافہ ہوگیا، ہیکنگ کے ذریعے واٹس ایپ صارفین کی حساس کمیونیکیشن تک رسائی کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملوں میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (این سی ای آر) نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔

سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری میں صارفین کو اہم حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے، صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیکنگ سے بچنے کیلئے وٹس ایپ پر مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور کسی بھی نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔

صارفین اپنے واٹس ایپ اکاونٹ کو بایو میٹرک کے ذریعے لاک رکھیں، عوامی مقامات پر وائی فائی پر واٹس ایپ کا استعمال سائبر حملوں کا باعث بن سکتا ہے۔

ایڈوائزری میں صارفین کو کلاؤڈ بیک اپ غیرفعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، صارفین وٹس ایپ پر بلٹ ان سیکیورٹی فیچرز استعمال کریں، صارفین اینٹی وائرس اور اینٹی مال وئیر سافٹ ویئر انسٹال کریں۔

ایڈوائزری میں صارفین کو واٹس ایپ سیکیورٹی اپ ڈیٹس سے متعلق آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری ملازمین، صارفین احتیاطی تدابیر اپنا کر سائبر حملوں سے آفیشل ڈیٹا محفوظ رکھ سکتے ہیں، صارفین کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔