شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ریاض فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم کے موقع پر دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی پاکستان کی حمایت پر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8 ویں ایڈیشن کے موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی، شہباز شریف نے ان کی اور ان کے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر بھی ولی عہد اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مضبوط پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارتی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والی بے پناہ تباہی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔