پاکستان

مانسہرہ میں مسافر بس الٹنے سے 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی

حادثہ منگل کی صبح پیش آیا، حادثے کا شکار مسافر بس راولپنڈی سے گلگت بلتستان جا رہی تھی، حادثہ شدید بارش کے بعد سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آیا، ترجمان ریسکیو 1122

خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں ہزارہ ایکسپریس وے پر مسافر بس الٹنے سے کم از کم چار مسافر جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ حادثہ منگل کی صبح پیش آیا، حادثے کا شکار مسافر بس راولپنڈی سے گلگت بلتستان جا رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو مانسہرہ کے کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ حادثہ شدید بارش کی وجہ سے پیش آیا اور کوسٹر پھسل کر ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق گلگت بلتستان اور کوہستان کے علاقوں سے ہے۔

دوسری جانب مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے پیر کی رات شدید برف باری کے بعد ناران بابوسر روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی غلام عباس نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ قراقرم ہائی وے کوہستان کو 2 مقامات پر بند کر دیا گیا، پھر بعد میں اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے شمالی علاقہ جات میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کے بعد خطے میں موسم سرد ہوگیا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں شتیال کے مقام پر تیز رفتار بس کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔

امدادی کاموں میں مصروف ریسکیو ادارے کے ترجمان نے بتایا تھا کہ حادثہ شتیال کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جہاں گلگت بلتستان سے پنجاب کے ضلع راولپنڈی جانے والی نجی کمپنی کی مسافر بس درائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔