پاکستان

لاہور: ریپ کے بعد پیٹ میں پریشر پمپ سے ہوا بھرکر لڑکے کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

کاہنہ کی ڈائی فیکٹری میں ملزمان نے زیادتی کے بعد پریشر پائپ کے ذریعے اس کے پیٹ میں ہوا بھی بھر دی جس سے اس کا معدہ پھٹ گیا۔

لاہور میں 15 سالہ حسن علی کو ریپ کے بعد پیٹ میں پریشر پمپ سے ہوا بھر کر قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کی ڈائی فیکٹری میں ملزم نے 15 سالہ حسن علی کے ساتھ بدفعلی کی اور پھر اس کے پیٹ میں ہوا بھری جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایک نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور دعوی کیا ہے کہ باقی ملزمان بھی جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتول کے والدین نے اپنا گھر چلانے کے لیے بیٹے حسن علی کو ڈائی فیکٹری میں کام پررکھوایا مگر فیکٹری میں موجود دیگر ملازمین نے لڑکے کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

مقدمہ کے متن میں کہا گیا کہ ملزمان نے زیادتی کے بعد پریشر پائپ کے ذریعے اس کے پیٹ میں ہوا بھی بھر دی جس سے اس کا معدہ پھٹ گیا، حسن علی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

متاثرہ باپ نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے ہی بیروزگار تھا اور بیٹے کی موت نے کندھوں کا بوجھ مزید بڑھا دیا ہے۔